25 جولائی کو عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، مریم اورنگزیب

25 جولائی کو عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، مریم اورنگزیب
کیپشن: پشاور، کوئٹہ، لاہور، کراچی میں بھرپور طریقے سے یومِ سیاہ منایا جائے گا، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام آج سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ملک گیر یومِ سیاہ منا رہے ہیں اور 25 جولائی کو عوام کا ووٹ چوری کیا گیا اور اظہارِ رائے پر ڈاکا ڈالا گیا۔

آج حکمران جماعت پی ٹی آئی نے یوم تشکر جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آج پوری قوم آپ کے جھوٹ، نالائقی اور نااہلی کی گواہی دے گی جبکہ بے حِس سلیکٹڈ حکومت آج ملک میں روٹی، کاروبار، صنعت اور روزگار بند ہونے کا یومِ تشکر منائے گی۔

مریم اورنگزیب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آج ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 3 گناہ ہونے کے خلاف، روٹی 15 روپے اور نان 25 روپے کے خلاف احتجاج کا دن ہے۔ پشاور، کوئٹہ، لاہور، کراچی میں بھرپور طریقے سے یومِ سیاہ منایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنے، گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اور بجلی کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے، اظہارِ رائے کی آزادی سلب ہونے کے خلاف احتجاج کا دن ہے۔

مریم اورنگزیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کو 2014 کے 120 دن پر مشتمل دھرنا یاد دلاتے ہوئے کہا کہ خود 120 دن دھرنا دینے والے، پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پہ حملہ کرنے والے ، ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوانے اور سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرنے والے، گیس اور بجلی کے بل جلانے والے ، منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنے والے آج ہر مخالف آواز اور پُرامن احتجاج سے ڈر رہے ہیں۔