آئی ایم ایف سے بڑا اور طویل مدت کا پروگرام چاہتے ہیں: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

 آئی ایم ایف سے بڑا اور طویل مدت کا پروگرام چاہتے ہیں: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے، نئے قرض پروگرام کا ابتدائی خاکہ تیار کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے طویل مدت  اور بڑا  پروگرام لینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل رہیں گے تو معاشی نظم و ضبط رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ  معیشت کی بہتری آئی ایم ایف سے زیادہ ہماری حکومت کا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، آئی ایم ایف نے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالر دینے ہیں۔ان کا کہنا تھا ٹیکس نظام میں شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قومی آمدنی میں ٹیکسوں کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا معیشت کی بہتری کے لیے نگران حکومت نے توجہ سے کام کیا، نجکاری کے معاملات فواد حسن فواد نے بڑی دلچسپی اور محنت سے چلائے، ٹیکس آمدن کو ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرنا چاہتے ہیں۔