کراچی میں بھارتی کورونا پھیل گیا، مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ

کراچی میں بھارتی کورونا پھیل گیا، مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ
کیپشن: کراچی، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہو گیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہر میں مثبت کیسوں کی شرح 23 اعشاریہ 6 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں 3 ہزار 91 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 725 کیسز مثبت رہے اور شہر میں مثبت کیسوں کی شرح 23 اعشاریہ 6 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر شدید دباؤ ہے اور محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا مریضوں کی تعداد جون 2021 کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر ہے۔ کراچی کے 4 بڑے اسپتال کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 سو سے زائد ہو گئی ہے جبکہ کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کا سبب بھارتی قسم ڈیلٹا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں مجموعی طور پر کورونا کے مثبت آنے کی شرح 9.16 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ 21 افراد انتقال کر گئے۔ حیدر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 8.89 فیصد ریکارڈ کی گئی اور 360 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 32 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں کورونا کی شرح 2.49 فیصد رہی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں 6 ہزار 478 ٹیسٹ میں سے 161 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔