اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات کے 113 ریکارڈ یافتہ طلبا زیرتعلیم، گرفتار ملزمان یہ دعویٰ نہیں کرسکے کہ پولیس نے کوئی بوگس کیس ڈالا: ڈی پی او 

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات کے 113 ریکارڈ یافتہ طلبا زیرتعلیم، گرفتار ملزمان یہ دعویٰ نہیں کرسکے کہ پولیس نے کوئی بوگس کیس ڈالا: ڈی پی او 

بہاولپور: ڈی پی او بہاولپور عباس شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ جامعہ میں منشیات کے ریکارڈ یافتہ 113 طلبہ موجود ہیں۔

اسلامیہ یونیورسٹی کے الزامات کو چیلنج کر تے ہوئےعباس شاہ نے  کہا ہے کہ ڈرگس اسکینڈل کی عدالتی سطح پر بھی تحقیقات کے لیے تیار ہوں، پولیس نے کسی پر بوگس کیس نہیں بنایا، جامعہ کے اندر منشیات کے 113 ریکارڈ یافتہ طلبا زیر تعلیم ہیں، جو  چاہے جوڈیشل، ڈویژنل یا صوبائی سطح پر تحقیقات کروا لے ۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ منشیات فروشی اور اس کا استعمال کرنے والے ہیں  کسی ادارے سے تعصب نہیں۔

عباس شاہ نے کہا کہ ادارے میں طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، جنہیں پکڑا ہے وہ یہ دعویٰ نہیں کرسکے کہ پولیس نے کوئی بوگس کیس ڈالا، جامعہ ملازمین کی اندرونی ٹھیکوں پر لڑائی میں پولیس کا قصور نہیں، پولیس ملزم سے برآمد شدہ چیزوں پر کارروائی کرتی ہے، موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ کے آنے پر سب سامنے آجائے گا۔

واضح رہے کہ جامعہ کے وی سی اطہر محبوب نے بہاولپور پولیس کی کارروائیوں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔