لاہور : ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی کے لیے پُرعزم ملک ہے، اور ہماری قومی یکجہتی دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ہمیشہ ناکام بناتی ہے۔ انہوں نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی خصوصی نشست میں یہ باتیں کہیں، جہاں شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو پاک افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل میں، بغیر کسی مذہبی امتیاز کے، ایک دیوار کی طرح متحد ہو کر دشمنوں کو شکست دیتی ہے۔ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگ ایک ہی قومی نصب العین اور حب الوطنی کے تحت یکجان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کی طاقت کا بنیادی ستون ہے، اور دشمن ہماری قومی یکجہتی کے سامنے ہمیشہ مایوس ہوگا۔ اس یکجہتی کی وجہ سے پاکستان کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کو بھی خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی محنت اور عزم ہی ملک کی ترقی اور امن کے لیے بنیاد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے پاکستان کے دفاع میں اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔