کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جاپان نے سندھ کو ایک خوبصورت تحفہ یسپتال کی صورت میں دیا ہے، جو آئندہ سال سے اپنا کام شروع کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان، بالخصوص سندھ کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں تعاون کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد کچھ بڑے اسپتال سندھ حکومت کو منتقل کیے گئے، جن میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (NICVD) بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں وفاق نے NICVD کو واپس مانگا، تاہم سندھ حکومت نے اسے واپس نہیں کیا۔ “عدالت کا فیصلہ آیا تو ہم نے کہا کہ اگر لینا چاہتے ہو تو لے لو، لیکن وہ خود لینے کے قابل نہ رہے”، انہوں نے مزید کہا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے بھر میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں جو طبی سہولیات موجود ہیں، وہ کسی اور صوبے میں اس سطح پر دستیاب نہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ "اگر کسی نوزائیدہ بچے کو فوری طبی سہولت میسر آ جائے تو اس کی جان بچائی جا سکتی ہے"۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔