واشنگٹن/پیرس/ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکرون کا یہ بیان اہمیت کا حامل نہیں۔ صدر ٹرمپ نے میکرون کو ایک اچھا انسان قرار دیا لیکن اس اعلان کو کسی تبدیلی کے لیے موثر نہیں سمجھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ میکرون ایک منفرد شخصیت ہیں اور ٹیم ورک میں شامل ہوتے ہیں، تاہم ان کے اس اقدام سے صورتحال پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے فرانس کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کے حق خودمختاری اور امن کی حمایت کے طور پر سراہا۔ سعودی وزارت خارجہ نے دیگر ممالک سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے مثبت اقدامات کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن کو فروغ ملے۔
اسپین نے بھی میکرون کے اس اعلان کو سراہتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے، کیونکہ وہ پہلے ہی فلسطین کو تسلیم کر چکا ہے۔