Get Alerts

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ فلپائن اور کرغزستان مکمل، پاکستان کی فعال سفارت کاری کا اعادہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ فلپائن اور کرغزستان مکمل، پاکستان کی فعال سفارت کاری کا اعادہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کا کامیاب دورہ مکمل کرکے اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار نے اہم علاقائی اور عالمی فورمز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے فلپائن میں آسیان ریجنل فورم اور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ دوروں کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان کے علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور امن و استحکام کے لیے کردار کو اجاگر کیا۔ پاکستان نے آسیان اور ایس سی او پلیٹ فارمز پر فعال سفارت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کے دوروں میں مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی پیش رفت ہوئی۔

ٹیگز: