Get Alerts

جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی حملے کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی، جس کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی تباہ کر دی گئی اور خودکش حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے لدی گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بارودی گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ چیک پوسٹ مکمل طور پر محفوظ رہی اور کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

بیان کے مطابق کارروائی کے بعد فرار ہونے والے تین دیگر دہشت گرد قریبی عمارت میں چھپ گئے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کے بعد کامیاب آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس پورے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم باقی ماندہ خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
 
 

ٹیگز: