سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل پولنگ ہو گی

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل پولنگ ہو گی

کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 4 ڈویژن میں ووٹنگ ہو گی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کے سامان کی ترسیل آج سے شروع کر دی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق سکھر ڈویژن میں 1482 نشستوں پر 6 ہزار سے زائد امیدوار مدمقابل ہوں گے جبکہ شہید بےنظیر آباد ڈویژن، سانگھڑ،نوشہرو فیروز میں بھی پولنگ ہو گی۔ 
شہید بےنظیر آباد ڈویژن کی 1465نشستوں پر 255 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ خیرپور، سکھر، گھوٹکی کی 1631 نشستوں پر 149امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے جن میں سے بیشتر کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے 
لاڑکانہ ڈویژن کے 5 اضلاع میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، کندھ کوٹ میں بھی پولنگ ہوگی جبکہ مجموعی طور پر 1383 نشستوں پر 4 ہزار 847 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔
لاڑکانہ ڈویژن سے پیپلز پارٹی کے 437 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ میرپور خاص ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور خاص، عمرکوٹ، تھر پارکر میں بھی پولنگ ہو گی۔ 
ذرائع کا بتانا ہے کہ میر پور خاص ڈویژن میں مجموعی طور پر 160 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں جن میں سے کامیاب بیشتر امیدوار پیپلز پارٹی کے ہیں۔

مصنف کے بارے میں