Get Alerts

فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی ، 7 اسرائیلی فوجی ہلاک، غزہ جنگ میں ہلاکتیں بڑھنے لگیں

 فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی ، 7 اسرائیلی فوجی ہلاک، غزہ جنگ میں ہلاکتیں بڑھنے لگیں

غزہ : جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے 7 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک پلاٹون کمانڈر بھی شامل ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے "رائٹرز" کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ جھڑپ منگل کے روز خان یونس کے علاقے میں پیش آئی، جہاں فوجیوں کی گاڑی کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ دھماکے سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور تمام اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے۔

اس واقعے کے علاوہ جنوبی غزہ میں ایک اور اسرائیلی فوجی کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں جاری لڑائی کے دوران 19 فوجی مارے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب ترک نشریاتی ادارے انادولو کے مطابق اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی یا تو ہلاک ہو چکے ہیں یا شدید زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ہزاروں اہلکار ذہنی دباؤ اور صدمے سے گزر رہے ہیں۔

سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک 861 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5,921 زخمی ہو چکے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، جو اسرائیلی فوج کے لیے ایک گہری تشویش کا باعث ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں پر ظلم جاری ہے۔ گزشتہ روز رفح میں خوراک کی تلاش میں نکلے 27 فلسطینیوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر کم از کم 86 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔

ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مہم کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، لیکن یہ مہم ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اب دوبارہ غزہ پر توجہ دے گی تاکہ حماس کا اثر ختم کیا جا سکے اور اسرائیلی یرغمالیوں کو بازیاب کرایا جا سکے۔

دنیا بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فلسطین حامی تنظیموں نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا، جہاں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا: "اسرائیل قوم نہیں، دہشت گرد ہے"، "بھوک دینا جنگی جرم ہے"۔ مظاہرین نے مودی حکومت سے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپنانے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

ٹیگز: