کراچی: سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور حساس ادارے نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" سے تعلق رکھنے والے 4 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے سی آئی اے سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان بھارتی فوج کے کرنل رنجیت سے مسلسل رابطے میں تھے اور پاکستان کی حساس تنصیبات کی تصاویر اور دیگر معلومات فراہم کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے 4 دستی بم، متعدد پستول، گاڑی اور دیگر مواد ملا۔
شعیب میمن کے مطابق ملزمان کے موبائل ڈیٹا کا تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے ان کے بھارت سے براہ راست روابط کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ملک دشمن نیٹ ورک کا حصہ ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔