Get Alerts

پی ٹی اے کا اہم اعلان، موبائل رجسٹریشن سسٹم میں وقتی خلل متوقع

پی ٹی اے کا اہم اعلان، موبائل رجسٹریشن سسٹم میں وقتی خلل متوقع

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنے نیٹ ورک سسٹم کو مزید جدید، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے باعث موبائل ڈیوائس رجسٹریشن کی بعض خدمات عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹ ورک کی بہتری اور ڈیجیٹل سروسز کی کارکردگی میں اضافے کے لیے جاری تکنیکی اپ گریڈیشن کے دوران آن لائن موبائل ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم (DIRBS) میں وقفے وقفے سے رکاوٹ یا عارضی بندش پیش آ سکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اپ گریڈیشن کا عمل 24 جون کی شام 5 بجے شروع ہوا جو 25 جون کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران صارفین کو رجسٹریشن سروسز تک رسائی میں بعض اوقات دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نیٹ ورک انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کرنا، سائبر سیکیورٹی کے معیار کو مزید مضبوط بنانا اور صارفین کو زیادہ مستحکم اور معیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ماہر تکنیکی ٹیمیں اپ گریڈیشن کے پورے مرحلے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ ممکنہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے اور سروسز کو کم سے کم وقت میں مکمل طور پر بحال رکھا جا سکے۔

پی ٹی اے نے متعلقہ اداروں، کاروباری شراکت داروں اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ضروری تکنیکی کام مستقبل میں زیادہ محفوظ، قابل اعتماد اور جدید ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: