Get Alerts

وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں سے تباہی، متعدد عمارتیں منہدم،سینکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات

وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں سے تباہی، متعدد عمارتیں منہدم،سینکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات

کاراکاس: وینزویلا میں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ سینکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا جبکہ اس کے تقریباً 40 سیکنڈ بعد 7.5 شدت کا دوسرا اور زیادہ طاقتور زلزلہ آیا، جس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ کم گہرائی کے باعث زلزلے نے سطح پر شدید تباہی پھیلائی اور جھٹکے دور دراز علاقوں تک محسوس کیے گئے۔

حکام کے مطابق دارالحکومت کاراکاس سمیت متعدد شہروں میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 164 تک جاپہنچی  ہے اور 900 سے زائد زخمی ہیں۔تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا ہے۔ ادارے کے ابتدائی ماڈلز کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔

وینزویلا کی حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ شہریوں کو آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: