کراچی:ملک میں ڈیجیٹل بینکاری اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے استعمال میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی کی ادائیگیوں کے نظام کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ 2026 کے دوران 3.7 ارب ریٹیل ادائیگیاں کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 168.8 ٹریلین روپے رہی۔
نیونیوزکراچی کےنمائندے کاشف منیر کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی ادائیگیوں کا 92 فیصد حصہ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے انجام پایا، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کا مظہر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق موبائل ایپس کے ذریعے 2.9 ارب ٹرانزیکشنز کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 42 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے کی جانے والی ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 5 فیصد جبکہ ان کی مالیت میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں یہ پیش رفت مالیاتی شمولیت کے فروغ اور جدید بینکاری سہولیات تک عوام کی بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔