مسلم نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو قبول اسلام کی دعوت کی ویڈیو وائرل

مسلم نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو قبول اسلام کی دعوت کی ویڈیو وائرل
کیپشن: ویڈیوسکرین شاٹ

کرائسٹ چرچ :سانحہ نیوزی لینڈ کے بعد جس طرح کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے مسلمانو ں کے دکھ میں برابر کی شریک ہو نے کا عملی ثبوت دیا اس کو تاریخ کے سنہری الفاظ میں لکھا تو جائے گا ہی ساتھ ہر کوئی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہے۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں ایک مسلم نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتا ہے اور خواہش کا اظہار کرتا ہے کہ وہ مسلمان ہوجائیں۔

نیوزی لینڈ کے ایک مسلمان نوجوان نے جسینڈا آرڈرن سے خصوصی ملاقات کی۔ اس دوران ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دوران ملاقات نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں۔ نوجوان کہتا ہے کہ میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں اور بس ایک ہی دعا کر رہا ہوں کہ ایک دن آپ بھی مسلمان ہو جائیں۔


آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں۔ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔ نوجوان کی خواہش سن کر جسینڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ 15 مارچ کو جمعہ کے نماز کے موقع پر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں سفید فام دہشتگرد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد نمازیوں کو شہید کردیا تھا جن میں پاکستانی بھی شامل تھے۔