Get Alerts

آسیہ اندرابی کی سزا 'انصاف کا قتل' اور سوچی سمجھی سازش ہے: مشعال ملک اور حافظ نعیم الرحمان کا شدید ردِعمل

آسیہ اندرابی کی سزا 'انصاف کا قتل' اور سوچی سمجھی سازش ہے: مشعال ملک اور حافظ نعیم الرحمان کا شدید ردِعمل

اسلام آباد / لاہور : مقبوضہ کشمیر کی حریت رہنما آسیہ اندرابی کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے پر پاکستان کی سیاسی اور سماجی قیادت نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اس فیصلے کو کشمیریوں کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
سابق معاون خصوصی اور حریت رہنما مشعال ملک نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بھارتی عدالتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ     آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنانا انصاف کے تقاضوں کے برعکس اور ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔    بھارت متنازع اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو کچلنا چاہتا ہے۔    عالمی برادری کو دیکھنا چاہیے کہ کس طرح ایک نہتی خاتون رہنما کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ     دہلی کی رسوائے زمانہ تہاڑ جیل میں 8 سال سے قید ہماری یہ کشمیری بہنیں غاصب بھارت کے سامنے مزاحمت کی علامت بن چکی ہیں۔    بھارتی مظالم اور طویل قید و بند کی صعوبتیں ان بہادر خواتین کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔
    پوری پاکستانی قوم اپنی ان بہنوں اور کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑی ہے اور ان کی آزادی تک حمایت جاری رکھے گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان سزاؤں سے تحریکِ آزادی دبنے کے بجائے مزید شدت اختیار کرے گی۔ پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تہاڑ جیل میں قید کشمیری قیادت کی زندگیوں کو بچانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

ٹیگز: