کراچی : نارتھ کراچی کے علاقے میں شاہین فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایس ایس پی ضلع وسطی، ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق، بلال کالونی تھانے کی حدود میں گشت کے دوران شاہین فورس کے اہلکاروں نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب جاری رکھا اور بالآخر خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں واقع مکہ ہوٹل کے قریب انہیں گھیر لیا، جہاں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی ہو کر گرفتار کر لیے گئے جن کی شناخت حارث اور دانیال کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، جبکہ ان کے تین ساتھی فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
پولیس نے زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ ان کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔