لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل آج شام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ میچ کا آغاز شام 7:30 بجے ہوگا۔
لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد وہ مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس سیزن میں زبردست واپسی کرتے ہوئے مسلسل سات فتوحات کے ساتھ فائنل تک رسائی حاصل کی۔
لاہور قلندرز اب تک دو بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت چکی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان، شاہین شاہ آفریدی اور سعود شکیل، جیت کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔
کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ "ہماری ٹیم نے پریشر میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے، بیٹنگ اور بولنگ دونوں جارحانہ ہیں، جس کی بدولت ہم ایک بار پھر ٹرافی کے قریب ہیں۔" دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ "قذافی اسٹیڈیم ہمارے لیے خوش قسمت رہا ہے، یہاں ہم چھ میں سے پانچ میچ جیت چکے ہیں، اور امید ہے کہ فائنل میں بھی عمدہ کھیل پیش کریں گے۔"
صدر مملکت آصف علی زرداری بھی لاہور پہنچ چکے ہیں اور وہ آج شام فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم میں دیکھیں گے۔ پی سی بی کے مطابق اننگز کے وقفے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
ملک بھر کے کرکٹ شائقین اس بڑے مقابلے کے منتظر ہیں، اور سب کی نظریں اس بات پر جمی ہوئی ہیں کہ آیا لاہور قلندرز ٹائٹل کا دفاع کرے گی یا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار پھر چیمپئن کہلائے گی۔