لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں ٹرافی کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بڑا اسکور بورڈ پر لگانا چاہتے ہیں تاکہ فائنل کے دباؤ میں حریف ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہو۔ کوئٹہ نے اس سیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہے اور کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب لاہور قلندرز، جن کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں، نے ایلیمینیٹر مرحلے میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ لاہور کی ٹیم اپنے تیسرے ٹائٹل کی تلاش میں ہے اور اگر وہ کامیاب ہو گئے تو وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسری ٹیم بن جائیں گے جس نے تین مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہو۔
میچ کے دوران قومی جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے وقفے کے دوران پاکستان نیوی کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس سے قبل بھی پی ایس ایل کے دوران پاکستان آرمی اور ایئر فورس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا، جو حالیہ بھارتی کشیدگی کے دوران "آپریشن بنیان المرصوص" میں ان کی کامیابیوں کا اعتراف تھا۔
شائقین کرکٹ کی نظریں اب اس بڑے ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں کہ کون سی ٹیم آج کی رات چیمپیئن بنے گی۔