Get Alerts

پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی کی پاسداری اور اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ

پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی کی پاسداری اور اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں غزہ میں فوجی جنگ بندی کی فوری پاسداری اور اسرائیلی فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں 300 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت ہو چکی ہے۔

عاصم افتخار نے بتایا کہ غزہ میں 2 سال سے جاری جنگ میں 70 ہزار فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "غزہ کے عوام دہشت گردی اور عدم تحفظ میں زندگی گزار رہے ہیں، اور یہ صورتحال عالمی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے۔"

پاکستانی مندوب نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے غزہ کی فوری بحالی اور تعمیر نو کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور بلا روک ٹوک انسانی امداد تک رسائی کی ضمانت دی جائے۔"

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ "غزہ کی صورتحال میں مزید کسی تاخیر کی گنجائش نہیں، اور عالمی برادری کو اس انسانی بحران کے حل کے لئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔"

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے اور ان جنگی جرائم کا احتساب کرے جو عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں۔

ٹیگز: