Get Alerts

جسٹس ریٹائرڈ یار محمد کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر کر دیا گیا

جسٹس ریٹائرڈ یار محمد کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر کر دیا گیا

اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشاورت کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد خان کو گلگت بلتستان کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یار محمد خان گلگت بلتستان چیف کورٹ کے سابق جج ہیں اور انہیں عدلیہ میں دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ ضلع استور کے گاﺅں ناصرآباد سے تعلق رکھتے ہیں۔

جسٹس (ر) یار محمد خان نے اپنی تعلیمی سفر کا آغاز کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کیا، اور پھر گلگت بلتستان میں تقریباً 15 سال تک وکالت کی۔ انہوں نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے ذریعے سول جج کا امتحان پاس کیا اور مختلف عدالتی عہدوں پر فائز رہے۔ ان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، چیف کورٹ کے رجسٹرار اور بعد ازاں گلگت بلتستان چیف کورٹ کے جج کے طور پر ان کا کردار شامل ہے۔

جسٹس یار محمد نے بطور جج اپنے دور میں آئینی، سول اور انتخابی نوعیت کے اہم مقدمات کی سماعت کی۔ وہ الیکشن ٹریبونل کے رکن کے طور پر انتخابی تنازعات اور نامزدگیوں سے متعلق اپیلوں کی جانچ پڑتال بھی کرتے رہے ہیں۔ ان کی عدالتی خدمات غیر متنازعہ اور پروفیشنل رہی ہیں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے قانون کے شعبے میں اپنی خدمات جاری رکھی اور اس وقت ’’دی لیگل اکیومن‘‘ کے ساتھ بطور مینٹر کام کر رہے ہیں، جہاں وہ نوجوان وکلا کی رہنمائی کرتے ہیں اور آئینی، سول اور اپیل کے مقدمات پر مشاورت فراہم کرتے ہیں۔

جسٹس (ر) یار محمد کی نامزدگی کے بعد ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے وسیع عدالتی تجربے کی بنیاد پر گلگت بلتستان میں شفاف انتخابی عمل اور انتظامی تسلسل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کی تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کی تیاری کی جا رہی ہے، اور ان کے تجربے کا فائدہ عوامی مسائل کے حل اور شفاف حکومت کے قیام کے لیے اٹھایا جائے گا۔

ٹیگز: