اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی، جس کے بعد عدالت نے دونوں کی گرفتاری سے روک دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات اور دیگر پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی۔ تاہم، عمران خان کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہو سکے۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے 23 دسمبر تک روک دیا، اور اگلی سماعت پر عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدام قتل اور جعلی رسیدوں جیسے مختلف مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کرانے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔