اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے دونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 25 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی زیر صدارت بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سمیت دیگر پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت اڈیالہ جیل حکام نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا، جس پر عدالت نے عمران خان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت پر انہیں یا تو عدالت میں ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت دی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے سماعت کو 25 نومبر تک ملتوی کر دیا۔ واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، جعلی رسیدوں سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کرانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔