اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے سکیورٹی امور اور وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران، برمی مسلمانوں کے قانونی حیثیت کے دیرینہ مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ سعودی وزیرِ داخلہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی وزیرِ داخلہ کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر حالیہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔
ملاقات میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مزید یہ کہ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کا ورکنگ گروپ آئندہ ماہ اجلاس منعقد کرے گا تاکہ سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستان کے سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس اور سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔