لندن: برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے جمع کرائی گئی درخواستوں میں پاکستانی شہری سب سے آگے نکل آئے ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں مجموعی طور پر 40 ہزار اسائلم درخواستیں جمع ہوئیں، جن میں سے 11 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کی طرف سے دائر کی گئیں، جو 2022 کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہیں۔ اس کے نتیجے میں پاکستان 175 ممالک میں سب سے زیادہ اسائلم درخواستیں دینے والا ملک بن گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام پاکستانی درخواست دہندگان قانونی ویزے، جیسے وزٹ، ورک اور اسٹوڈنٹ ویزے کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوئے تھے اور بعد ازاں اسائلم کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
برطانیہ کے شیڈو ہوم سیکرٹری کرس فلپ نے اس صورتحال کو ویزا سسٹم کی "مکمل ناکامی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویزا اور بارڈر سسٹم کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔