واشنگٹن: امریکہ نے افغان پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزوں کا اجرا اچانک روک دیا جبکہ پناہ کی درخواستوں پر کارروائی بھی غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے اعلان کے بعد یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے بھی اسائلم اور دیگر امیگریشن درخواستوں پر فیصلے روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے، جس کے تحت کسی غیر ملکی کی اسکریننگ اور سیکیورٹی جانچ مکمل ہونے تک کارروائی آگے نہیں بڑھائی جائے گی۔ ادارے کے ڈائریکٹر جوزیف ایڈلو نے واضح کیا کہ مکمل اطمینان کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔
یہ اقدام اس واقعے کے بعد کیا گیا ہے جس میں وائٹ ہاؤس کے قریب ایک افغان نژاد شخص کی فائرنگ سے ایک خاتون نیشنل گارڈ ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور 2021 میں ری سیٹلمنٹ پروگرام کے تحت امریکا آیا تھا۔ واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیسری دنیا سے ہجرت روکنے اور خطرہ سمجھے جانے والے افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔