واٹس ایپ کی سروسز 2 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال ہونا شروع

واٹس ایپ کی سروسز 2 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال ہونا شروع

لاہور: پاکستان، بھارت اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ کی سروسز تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق صارفین کو تقریباً 11 بج کر 50 منٹ پر واٹس ایپ کے استعمال میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور زیادہ تر صارفین گروپس میں پیغامات بھیجنے سے قاصر تھے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی تو پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے واٹس ایپ گروپس میں پیغامات نہ جانے کی تصدیق کی۔ 
بہت سے صارفین نے انفرادی پیغام رسانی میں بھی مسائل کا سامنا کرنے سے متعلق بتایا جبکہ ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے والے صارفین بھی پیغامات بھیجنے سے قاصر تھے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب موبائل پر واٹس ایپ کی سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں تاہم ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے والے افراد کو اب بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
واٹس ایپ کی مالک کمپنی ’میٹا‘ کے ترجمان نے سروسز ڈاؤن ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور جلد از جلد اسے دور کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔
میٹا ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم آگاہ ہیں کہ کئی افراد کو واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی جلد از جلد بحالی کیلئے کام کیا جارہا ہے۔