اسلام آباد : پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک بار پھر بھارتی میڈیا کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے مذموم ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا ہے۔ وفاقی وزارت اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ بھارتی میڈیا خاص طور پر این ڈی ٹی وی اور ریپبلک نیوز انڈیا جھوٹ، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے خطے میں نفرت اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق، بھارتی چینل این ڈی ٹی وی نے 8 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پاک فوج کے 22 جوانوں کو شہید کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا۔ تاہم، پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے وضاحت دی کہ 7 اور 8 اکتوبر کو کارروائی ضلع اورکزئی میں کی گئی تھی، کرم میں نہیں۔ یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تھا جس میں 11 فوجی شہید ہوئے اور 19 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسی طرح، ریپبلک نیوز انڈیا نے بھی جھوٹا دعویٰ کیا کہ فتنہ الخوارج نے 24 گھنٹوں میں پاک فوج پر 16 حملے کیے۔ وزارت اطلاعات نے اس خبر کو بھی بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا، اور کہا کہ انٹیلی جنس آپریشنز کے نتیجے میں صرف 5 خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا مودی سرکار کی ایماء پر جھوٹ اور پراپیگنڈے کی فیکٹری بن چکا ہے، جو پاکستان مخالف بیانیہ پھیلا کر دہشت گردوں کو تقویت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
پاکستانی حکومت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹنگ اور جھوٹے دعووں کا نوٹس لے، کیونکہ یہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے جھوٹے دعوے علاقائی سطح پر کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں، اور عالمی برادری کو بھارتی میڈیا کے اس منفی کردار کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔