Get Alerts

ایشیا کپ 2025: پاکستان بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

ایشیا کپ 2025: پاکستان بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

دبئی: ٹی20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 43 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اتوار کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔

میچ کے آغاز میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، جو مؤثر ثابت ہوئی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا میں لڑکھڑا گئی اور صرف 4 رنز پر صاحبزادہ فرحان آؤٹ ہو گئے، جب کہ اگلی ہی گیند پر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ محمد حارث 31، محمد نواز 25 اور شاہین آفریدی 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، جب صرف ایک رن پر پرویز حسین ایمون بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔

توحید ہریدوئے 5، سیف حسن 18، مہدی حسن 11، نور الحسن 16، ذاکر علی 5 اور شمیم حسین 30 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے گیند بازوں نے نپی تلی بولنگ کی اور حریف ٹیم کو سنبھلنے نہ دیا۔

پاکستان کی اس کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ 2025 کے فائنل کا نقشہ مکمل ہو گیا ہے، جہاں اتوار کو دبئی میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

ٹیگز: