جاپان : ایشین گیمز 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان کا وائٹ بال کرکٹ سکواڈ کراچی سے دبئی کے راستے جاپان روانہ ہوگیا۔ قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جاپان روانگی سے قبل قومی سکواڈ کا چار روزہ تربیتی کیمپ نیشنل سٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں مکمل ہوا۔ کیمپ کے آخری روز کیریبین لیگ میں مصروف پانچ کھلاڑی بھی ٹیم کو جوائن کرگئے۔ ان کھلاڑیوں میں عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم شامل ہیں، جو بدھ کو بارباڈوس سے لندن کے راستے کراچی پہنچے تھے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایشین گیمز سکواڈ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ ان کے متبادل کے طور پر خصوصی اجازت کے بعد محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ:
صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) سکواڈ میں شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے ساتھ چھ رکنی سپورٹ سٹاف بھی جاپان روانہ ہوگا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ ایشلے نوفکے، فیلڈنگ کوچ شین میکڈرماٹ، فزیو تھراپسٹ محمد طاہر، ٹرینر عمران اللہ اور اینالسٹ عثمان ہاشمی شامل ہیں۔
ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ مقابلوں کا آغاز جمعہ سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں چھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، جن میں سے چار ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔
پاکستان 28 ستمبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں میدان میں اترے گا، جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن اور ٹاپ سیڈ بھارت اپنا میچ کھیلے گا۔ 29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلا دیش ایکشن میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ گولڈ میڈل کے لیے فیصلہ کن مقابلہ 3 اکتوبر کو ہوگا۔