اسلام آباد: پہلگام واقعے کے پیچھے چھپے اصل محرکات سامنے آگئے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' (RAW) کی لیک ہونے والی خفیہ دستاویزات نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ واقعہ کسی شدت پسند تنظیم کی کارروائی نہیں بلکہ بھارتی ریاست کی سرپرستی میں کیا گیا ایک 'فالس فلیگ آپریشن' تھا۔
منظرِ عام پر آنے والی دستاویزات نے بھارتی پراپیگنڈہ مشینری کے کچے چٹھے کھول دیے ہیں۔ لیک دستاویزات میں 'را' کے اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ واقعے کے فوری بعد کسی ثبوت کے بغیر پاکستان مخالف بیانیہ تیار کیا جائے اور عالمی سطح پر اسے پھیلایا جائے۔
ان شواہد نے پاکستان کے اس موقف کو مزید تقویت دی ہے کہ پہلگام واقعہ بھارتی 'پلے بک' کا حصہ تھا، جس کا مقصد اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا تھا۔ان دستاویزات کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پاکستان کا موقف عالمی سطح پر مزید معتبر ہو کر سامنے آیا ہے۔ پاکستان نے پہلے ہی اس واقعے کو بھارتی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا، اب 'را' کی اپنی دستاویزات نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے عالمی سطح پر شواہد کے ساتھ پیش کیا گیا دوٹوک موقف اب بین الاقوامی برادری میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ "را" کا یہ مکروہ کردار بے نقاب ہونا بھارت کے لیے ایک بڑی عالمی سبکی ہے۔ یہ دستاویزات ثابت کرتی ہیں کہ بھارت خطے میں امن کے بجائے عدم استحکام کو فروغ دینے کے لیے منظم طریقے سے جھوٹے آپریشنز کا سہارا لیتا ہے۔