چانگشا : صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے 5 روزہ دورہ چین کے دوران صوبہ حنان کے صنعتی مرکز چانگشا میں عالمی شہرت یافتہ ادارے 'سانی ہیوی انڈسٹری' کا دورہ کیا۔ اس دورے کا محور پاکستان میں تعمیراتی اور انجینئرنگ کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
سانی گروپ کے چیئرمین نے صدر مملکت کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے جدید ترین یونٹس کا معائنہ کرایا۔ صدر کو کمپنی کے روبوٹک مینوفیکچرنگ نظام اور عالمی معیار کی تعمیراتی مشینری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمپنی کی جانب سے تحقیق و ترقی (R&D) میں کی جانے والی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری اور مستقبل کے سمارٹ حل صدر کے سامنے پیش کیے گئے۔بریفنگ کے دوران پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور انجینئرنگ کے شعبے میں چینی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر چانگشا کی نائب میئر چیان لیکسیا بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے صدر زرداری کو شہر کی صنعتی اہمیت اور پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے سانی گروپ کی تکنیکی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی تعمیراتی صنعت میں چینی ٹیکنالوجی اور جدت کو خوش آمدید کہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون سی پیک کے اگلے مرحلے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔