Get Alerts

پاک–امریکا وزرائے خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن، معاشی تعاون اور دہشتگردی کے خلاف شراکت داری پر تبادلہ خیال

 پاک–امریکا وزرائے خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن، معاشی تعاون اور دہشتگردی کے خلاف شراکت داری پر تبادلہ خیال

واشنگٹن:واشنگٹن ڈی سی میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبہ جات میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر اسحاق ڈار کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، جبکہ ملاقات میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔

یہ دونوں وزرائے خارجہ کی پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔ اس سے قبل ان کے درمیان رابطے ٹیلیفونک سطح پر ہوتے رہے ہیں۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکنالوجی، معدنی وسائل اور خطے میں امن و سلامتی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی امن کے قیام کے لیے امریکی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور پاک-بھارت کشیدگی میں امریکی ثالثی کردار کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی و علاقائی امن کے لیے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اہداف کے حصول اور دوطرفہ تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ایک مضبوط پل قرار دیا گیا۔

ٹیگز: