وزیراعظم آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

وزیراعظم آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج صوبہ سندھ میں سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کی ضلعی انتظامیہ اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے نمائندے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی مدد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے جاری کاموں پر بریفنگ دیں گے۔
وزیر اعظم امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور سیلاب متاثرین کا احوال جاننے کیلئے ان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد چیف سیکرٹری سندھ اور چیف انجینئر سکھر بیراج وزیر اعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں پر تفصیلاً بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب مون سون کی شدید بارشوں کے نہ رکنے والے سلسلے کے سبب دریائے سوات بپھر گیا اور بحرین کے مقام پر سیلابی ریلہ کئی عمارتیں بہا لے گیا جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ 
دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں برساتی پانی گھروں اور کالام کی تاریخی مسجد میں داخل ہو گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سوات موٹروے کو دوبارہ بند کردیا گیا جبکہ مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بحرین اور مدین کے درمیان سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے باعث مدین بحرین روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند ہے، اسلام آباد، پشاور سے آنے والے ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے گزارا جا رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں