Get Alerts

چناب، راوی اور ستلج میں اگلے 48 گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا انتباہ

چناب، راوی اور ستلج میں اگلے 48 گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا انتباہ

لاہور : پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے چناب، راوی اور ستلج ندیوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح انتہائی اونچے درجے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دریائے چناب کے گنڈا سنگھ والا مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا ہے، جہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 4 ہزار کیوسک اور اخراج 98 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح، دریائے راوی کے جسڑ مقام پر پانی کا بہاؤ 90 ہزار کیوسک ہے، جو درمیانے درجے کے سیلاب کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ شاہدرہ پر پانی کی سطح 40 ہزار کیوسک پر ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے سیلاب کے پیش نظر رینجرز، فوج اور پولیس کی مدد حاصل کر کے انخلا کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو خبردار کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آ گیا ہے جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 17 ہزار 490 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے جبکہ تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں۔

ٹیگز: