لاہور : دریائے ستلج میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے صوبے کے متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان کے کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جب کہ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں واسا، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو حساس مقامات پر تعینات کرنے اور مقامی لوگوں کو بروقت اطلاع فراہم کرنے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔