اسلام آباد(جاویدنور)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ افسران کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا۔ شہباز شریف نے واقعے کو انتہائی تکلیف دہ اور اندوہناک قرار دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے بھی کام شروع کردیا ہے۔ سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
ادھر ضلعی انتظامیہ نے بھی آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے الگ انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، جو اپنی تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرے گی۔