Get Alerts

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط، محمد بن سلمان آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

 پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط، محمد بن سلمان آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد و یکجہتی کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس پاکستان کی قابلِ فخر قومی روایت ہے، جہاں تمام مکاتب فکر کے علما، محققین اور مشائخ ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ پر کتب اور مقالہ جات لکھنے والے علما و سکالرز اور نعت خواں حضرات کو انعامات حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نبی کریم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں۔ نبی کریم ﷺ ہماری پہچان، عزت اور جان ہیں، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے عظیم احسان ہے۔ علما کرام ہماری اخلاقی اقدار کے پاسبان ہیں اور معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں ان کا کردار اہم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیرت طیبہ اخلاق و کردار کا کامل ترین نمونہ ہے۔ صلح حدیبیہ عقل، حکمت اور دوراندیشی کا درس دیتی ہے جبکہ واقعۂ طائف صبر و برداشت کی عظیم مثال ہے۔ نبی کریم ﷺ نے مہاجرین و انصار میں بھائی چارہ قائم کیا اور اختلاف کے آداب و مکالمے کا طریقہ سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے مخالفین کے لیے عام معافی کا اعلان کیا۔ خطبہ حجۃ الوداع انسانوں کی برابری اور مساوات کا عظیم منشور ہے جبکہ نبی کریم ﷺ نے انسانی جان کی حرمت کو بلند مقام عطا فرمایا۔ اہل مکہ نبی کریم ﷺ کو صادق اور امین مانتے تھے اور آپ ﷺ کا کردار آپ ﷺ کا عظیم معجزہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے، اس لیے اس کی تعلیم و تربیت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ہم جیسی نسل تیار کریں گے، مستقبل بھی ویسا ہی ہوگا۔ نئی نسل کے اخلاق و کردار کی تعمیر سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں کرنا ہوگی، جس کے لیے جامع خاکہ تیار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منبر و محراب سے محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے۔ پاکستان میں محبت اور احساس کا پیغام فروغ دینا ہوگا۔ تحریک پاکستان کی روح کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ پاکستان کا قیام اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا پیغام بھی امت کی وحدت اور اتحاد سے جڑا ہے۔ امت مسلمہ کو ذات اقدس ﷺ کو مرکز بنا کر متحد ہونا ہوگا۔ آج پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی شدید ضرورت ہے اور عوام کو ان فتنہ و مفاد پرست عناصر سے بچانا ہے جو تقسیم چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مکہ امن معاہدے کے ذریعے امن دشمنوں کو ناکام بنایا۔ ترکیہ اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے ساتھ حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

کانفرنس میں وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام، علما، محققین اور مشائخ نے شرکت کی جبکہ سیرت النبی ﷺ پر کتب اور مقالہ جات لکھنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

ٹیگز: