Get Alerts

عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

 عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی کردی ۔ عمران خان کےوکیل نعیم بخاری نے نااہلی ریفرنس میں الیکشن کمیشن کےدائراختیارکوچیلنج کردیا ہے ۔ انکا کہنا ہے کہ صرف الیکشن کے بعد کیے گئے اقدامات پر اہلیت کو چیلنج کیا جا سکتا ہے، الیکشن سے پہلے کے کسی معاملے پر انتخابات کے بعد کمیشن کو کارروائی کا اختیار نہیں۔
الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر ریفرنسز کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری کے وکیل اکرم شیخ نے موقف اختیار کیا کہ ،،آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کی اور غلط ڈیکلریشن جمع کرانے پر الیکشن کمیشن نا اہل کر سکتا ہے۔
عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف کیسز یکجا کئے جائیں۔
عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس اسپیکر نے دائر کیا اس کا کسی رکن اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن کمیشن نہ ہی ٹریبونل ہے نہ ہی ریٹرننگ افسر ،،کمیشن میں صرف الیکشن کے بعد کیے گئے اقدامات پر اہلیت کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اکرم شیخ سے پوچھا کہ اسپیکر نے کن شواہد کو مد نظر رکھتے ہوئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایاجس پر اکرم شیخ کا کہنا تھا ،،کہ اسپیکر نے قانون کے مطابق ریفرنس کمیشن کو بھیجا ہے، اگر وہ ریفرنس نہ بھیجتے تو قانون کی خلاف ورزی ہوتی ،،کمیشن نے اکرم شیخ کو ریفرنس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
ادھر میڈیا سے گفتگو میں ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ حکومت ریفرنسزکے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے،انصاف میں تا خیر ہو سکتی ہے مگر قوم کو حقیقت معلوم ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نو ن کے رہنما طلال چودھری نے بھی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ  دوسروں کو چور کہنے والے آج پھر خود چور اور کرپٹ ثابت ہوئے،آصف زرداری کے حوالے سے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے آنے سے پہلے ہی جانے کی تاریخ دے دی تھی،وہ واپس نہیں آئے بلکہ ٹرانزٹ پر ہیں۔