نیویارک/ابوجا : امریکا نے نائیجیریا کی حکومت کی درخواست پر ملک کے شمال مغربی علاقے سوکوٹو میں داعش سے وابستہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے، جس میں کئی دہشت گرد مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی فوج نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق یہ حملہ نائیجیریا کے سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے کیا گیا۔ امریکی حکام نے بتایا کہ اس کارروائی میں داعش کے متعدد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں، اور یہ اقدام نائیجیریا میں امن و سکون کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ داعش کے شدت پسند خاص طور پر نائیجیریا کی مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہے تھے اور ملک میں بے گناہ افراد کا قتل عام ہو رہا تھا۔ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امریکی فوج نے فیصلہ کن کارروائی کی۔
امریکی فوج کے مطابق اس فضائی حملے سے قبل نائیجیریا میں انٹیلی جنس پر مبنی پروازیں کی جا رہی تھیں تاکہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگایا جا سکے۔ پینٹاگون نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں ایک جنگی جہاز سے میزائل داغے جانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جو اس کارروائی کی کامیابی کو ظاہر کرتے ہیں۔
نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے اس حملے کو امریکا اور نائیجیریا کے درمیان جاری سکیورٹی تعاون کا حصہ قرار دیا ہے، جس میں انٹیلی جنس کا تبادلہ اور مشترکہ حکمت عملی شامل ہے۔ نائیجیریا کے حکام کا کہنا ہے کہ اس فضائی کارروائی سے شدت پسندوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی نائیجیریا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ اس خطے میں امن قائم کیا جا سکے۔