Get Alerts

ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس دوران ٹریفک کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے، تاہم بارش کی کوئی خاص توقع نہیں ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، اور شمالی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا رہا۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے کم ترین درجہ حرارت کے مطابق، لہہ میں پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، استور میں منفی 6، گوپس میں منفی 5، اور اسکردو، ہنزہ اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کالام، گلگت، کوئٹہ اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، اور شمالی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔

ٹیگز: