Get Alerts

پاکستان کا پہلا خلا باز 2026 میں چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا، سپارکو کا اعلان

پاکستان کا پہلا خلا باز 2026 میں چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا، سپارکو کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ 2026 میں پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق، پاکستان کی خلائی تحقیق اور خلائی سائنس کے میدان میں 2025 ایک سنگ میل ثابت ہوا ہے، کیونکہ اس سال پاکستان نے 3 بڑے سیٹلائٹس خلا میں کامیابی سے بھیجے ہیں۔

ترجمان سپارکو نے بتایا کہ جنوری 2025 میں پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین سے خلا میں بھیجا گیا، جس نے زمین پر مشاہدات کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔ اسی سال جولائی میں، پاکستان نے ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جس کی بدولت پاکستان کی زمینی مشاہداتی طاقت میں مزید بہتری آئی۔

مزید برآں، اکتوبر 2025 میں پاکستان نے اپنا پہلا ہائیر سپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجا، جس کے بعد پاکستان کے خلا میں موجود سیٹلائٹس کی تعداد 7 ہوگئی۔ اس سال پاکستان کے ایسٹروناٹ پروگرام کا آغاز بھی ایک اور اہم پیشرفت تھی۔

ترجمان سپارکو نے یہ بھی بتایا کہ 2026 میں پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے چاند پر قدم جمانے کے لیے روور پروگرام کا آغاز بھی کیا ہے۔ پاکستان میں تیار کردہ یہ روور 2028 میں چین کی مدد سے چاند پر اتارا جائے گا۔

ٹیگز: