Get Alerts

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار تاریخی استقبال

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار تاریخی استقبال

اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید پاکستان کے اپنے پہلے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا، اماراتی صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

 ان کے پاکستان پہنچنے کے بعد انہیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کرنا ہیں۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق، شیخ محمد بن زاید کا دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے کے دوران، یو اے ای کے صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام میں مزید بہتری لانے کے لیے اہم ثابت ہو گا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر کی پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے انہیں فضائی سلامی دی، اور پاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہی یو اے ای کے طیارے کو حفاظت کے لیے حصار میں لے لیا گیا۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کی علامت ہے۔

اس دورے کے باعث اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اور شہر بھر میں مختلف وفاقی ادارے اور حکومتی دفاتر بند رہیں گے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں میں بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم، اسپتال، بینک اور ضروری سروسز کے دفاتر کھلے رہیں گے۔

ٹیگز: