سیول : جنوبی کوریا کی فضائیہ کا ایف 16 سی لڑاکا طیارہ تربیتی مشقوں کے دوران یونگجو شہر کے قریب پہاڑی سلسلے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور اس کے زخمی ہونے یا کسی شہری کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے باعث جنگل میں آگ بھڑک اُٹھی، تاہم حکام نے کہا کہ آگ کے پھیلنے کا خطرہ کم ہے اور جلد قابو پا لیا جائے گا۔ جنوبی کورین فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے نائب چیف آف سٹاف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
یہ حادثہ 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں امریکی ساختہ ایف 16 طیارے کا دوسرا حادثہ ہے، کیونکہ اس سے پہلے ترکی میں بھی ایک ایف 16 طیارہ مغربی ترکیہ کے ایک ہائی وے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔