Get Alerts

 بلوچستان دہشت گردی پر بھارتی ردعمل 'اقرارِ جرم' ہے؛دفتر خارجہ

 بلوچستان دہشت گردی پر بھارتی ردعمل 'اقرارِ جرم' ہے؛دفتر خارجہ

اسلام آباد : ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کے بعد بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان درحقیقت پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی تصدیق ہے کہ ان تخریبی سرگرمیوں کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں۔
ترجمان نے سمجھوتہ ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 70 سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود بھارتی عدالتی نظام انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سوامی آسیم آنند اور بھارتی فوج کے حاضر سروس افسر کرنل پروہت نے عوامی سطح پر اپنے جرائم کا اعتراف کیا، لیکن اس کے باوجود چاروں اہم مجرم آج بھی بھارت میں آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کر دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار 26 فروری کو جدہ میں او آئی سی (OIC) ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیلی ریاست کی اراضی میں تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدامات پر پاکستان کا دو ٹوک موقف پیش کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر وہ رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کر کے علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
ترجمان نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ قطر کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ امیرِ قطر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو اعلیٰ سطح تک لے جانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کی شدید خواہش کا اظہار کیا ہے، جو ملک کے لیے خوش آئند ہے۔

ٹیگز: