Get Alerts

پنجاب میں ٹرانسپورٹ انقلاب: مریم نواز نے ملکی تاریخ کی پہلی 'ای ٹیکسی سکیم' کا افتتاح کر دیا

پنجاب میں ٹرانسپورٹ انقلاب: مریم نواز نے ملکی تاریخ کی پہلی 'ای ٹیکسی سکیم' کا افتتاح کر دیا

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک پروقار تقریب کے دوران ملکی تاریخ کی پہلی ماحول دوست "ای ٹیکسی اسکیم" کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی، جس کے لیے پنجاب حکومت نے 4 ارب روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تقریب کے دوران کامیاب خواتین امیدواروں میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں اور ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ اس اسکیم کے اہم خدوخال درج ذیل ہیں۔خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد جبکہ مردوں کے لیے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومتِ پنجاب ادا کرے گی۔گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن فیس بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی، جبکہ بقایا رقم 5 سالہ آسان اقساط میں ادا کی جا سکے گی۔
 مریم نواز کے مطابق ای ٹیکسی سے ڈرائیورز ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک باعزت آمدن کما سکیں گے۔اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ روزانہ خود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مانیٹر کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ  "پنجاب میں آٹا، پیاز اور آلو کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، اب میری کوشش ہے کہ کیلے اور سیب کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ میں لائی جائیں۔انہوں نے وزراء کو سخت ہدایت کی کہ وہ دفاتر کے بجائے فیلڈ میں نکلیں تاکہ عوامی مسائل کا براہِ راست علم ہو سکے۔
مریم نواز نے پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں مزید انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں جلد ہی اپنی طرز کا پہلا ٹریک لیس ٹرین منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ ہر تحصیل میں جدید گرین بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ   ہنگامی صورتحال کے لیے ایئر ایمبولینس اور مفت ہارٹ ٹرانسپلانٹ جیسی سہولیات کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔

ٹیگز: