احمد آباد : ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شاندار کارکردگی کے ساتھ 9 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کی راہ تقریباً صاف کر دی، جبکہ بھارت کے لیے بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات قائم رہ گئے۔
احمد آباد میں کھیلے گئے گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ دو بار کے عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ کپتان جیسن ہولڈر نے 49 رنز اسکور کیے، جبکہ روماریو شیفرڈ نے ناقابل شکست 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو رباڈا اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ لی۔
جواب میں جنوبی افریقہ نے 177 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ کپتان ایڈن مارکرم نے ناقابل شکست 82 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک نے 47 اور ریان رکیلٹن نے 45 رنز کے ساتھ فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سپر ایٹ مرحلے میں پہلے میچز میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ جنوبی افریقہ نے بھارت کو 76 رنز سے ہرا دیا تھا۔
فی الحال گروپ ون میں ویسٹ انڈیز 2 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ جنوبی افریقہ بھی 2 پوائنٹس کے ساتھ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔