واشنگٹن : امریکا کی کئی ریاستوں میں حالیہ برسوں کے سب سے شدید برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے اور نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برفباری، بارش اور سرد ہواؤں کی وجہ سے حالات ابتر ہو گئے ہیں۔
نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 ڈگری تک گر چکا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ برفباری کے باعث 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، اور 8 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ امریکا کی 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے، اور 40 ریاستوں میں 24 کروڑ سے زائد افراد اس شدید موسم کا شکار ہو سکتے ہیں۔
نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ نیویارک میں کئی برسوں بعد اتنے شدید موسم سرما کا طوفان آیا ہے، جس میں درجہ حرارت منفی 34 تک جا پہنچا ہے۔ نیویارک کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ گورنر نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اس برفانی طوفان کا اثر اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔