الیکشن کمیشن نے غیر حتمی نتائج کا آغاز کر دیا

الیکشن کمیشن نے غیر حتمی نتائج کا آغاز کر دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2018 کے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پی پی 11 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے پریس کانفرنس میں پہلے نتیجے کا اعلان کیا اور نئے سسٹم میں تکنیکی خرابیوں، موسم کی صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے باعث تمام پریذائیڈنگ افسران کو قافلے کی صورت میں واپس لانے کو تاخیر کا سبب قرار دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا بخوبی احساس کہ نتیجے کا اعلان کرنے میں اس تاخیر کے باعث آپ سب مضطرب رہے اور تاخیر کا سبب کسی حد تک نیا سسٹم ہونے کی وجہ سے پیش آنے والی تکنیکی دشواریاں، موسم کی خراب صورتحال اور سیکیورٹی بنیاد پر تمام پریذائیڈنگ افسران کو قافلے کی شکل میں واپس لانا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن 2018ءمیں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو دلی مبارکباد بھی پیش کی اور ہارنے والے امیدواروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔